Gher muslimon ki nekiyon ka kya hoga article by Hafsa Umer

Summary

جب انسان دین کی طرف آتا ہے تو اس کے دماغ میں بہت سے سوالات ابھرتے ہیں۔ بعض کا جواب نہیں ملتا اور بعض کا جواب مل جاتا ہے۔ اس طرح میرے ذہن میں ایک سوال تھا اور وہ یہ تھا کہ

» غیر مسلم لوگ جو دنیا میں بہت نیک کام کرتے ہیں اور انسانیت کی خدمت کرتے ہیں تو کیا ان کے اعمال قبول ہوں گے یا نہیں؟

 ہم دیکھتے ہیں آج کل سوشل میڈیا پر بہت سے غیر مسلم لوگ ہیں جو انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ دوسروں کی مدد کے لیے اپنا پیسہ بے دریغ بہا رہے ہیں۔

 لیکن کیا وہ ان کے کچھ کام آنے والا ہے یا نہیں؟

 کیونکہ اصل زندگی تو آخرت کی زندگی ہے۔ آج دنیا کی آبادی 830 کروڑ ہے جس میں سے 210 کروڑ مسلمانوں کی آبادی ہے اور 620 کروڑ غیر مسلم ہیں۔ لیکن پھر بھی دیکھا جائے تو ہم نیکی کا جذبہ مسلمانوں سے زیادہ غیر مسلموں میں دیکھتے ہیں۔ کیوں؟ آخر اس کی کیا وجہ ہے؟

آج مسلمان اپنی روایات کو بھول چکے ہیں۔ وہ بھول چکے ہیں کہ ان کی ذمہ داری کیا ہے۔ اب شروع میں کیے گئے سوالات کا جواب ڈھونڈتے ہیں۔

سورہ ابراہیم آیت نمبر 18 میں اللہ تعالی ارشاد فرماتے ہیں:

“مثال ان لوگوں کی جنہوں نے کفر کیا اپنے رب سے اعمال ان کے اس راکھ کی طرح ہیں کہ سخت چلی ہو اس پر ہوا ایک دن میں تیز ہوا کے نہ وہ قدرت رکھیں گے اس میں سے جو انہوں نے کمائی کی کسی چیز پر یہی ہے وہ گمراہی دور کی”

اگر اس آیت میں غور و فکر کیا جائے تو یہاں اللہ تعالی نے کافروں کے اعمال کو اس طرح مثال دے کر بیان کیا ہے کہ جیسے آندھی چلے اور ان کے اعمال راکھ کی طرح اڑ جائیں۔ اگر وہ راکھ اکھٹی کر لی جائے تو بھی اس راکھ کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ راکھ کا کوئی وزن نہیں ہوتا۔ اُن کے نیک اعمال انہیں آخرت کے دن کوئی نفع نہیں دیں گے۔

سورۃ النساء: 124

> وَمَن يَعْمَلْ مِنَ الصَّالِحَاتِ مِن ذَكَرٍ أَوْ أُنثَىٰ وَهُوَ مُؤْمِنٌ

“اور جو نیک عمل کرے مرد ہو یا عورت، بشرطیکہ وہ مومن ہو۔”

 آج ہم دیکھتے ہیں کہ فلاں شخص نے اتنے یتیم بچوں کو پالا، فلاں شخص نے فلاحی ادارہ کھلوایا، فلاں شخص نے سکول کے بچوں کو فری پڑھایا، فلاں شخص نے ہسپتال میں بوڑھوں کا علاج کروایا۔

 لیکن کیا اس سب کا فائدہ ہے؟

 نہیں اس سب کا کوئی فائدہ نہیں۔ پھر اگر ایک عام انسان دیکھے تو یہ ضرور سوچے گا کہ یہ تو غلط بات ہے کہ غیر مسلموں کو ان کے نیک اعمال کا بدلہ نہیں ملے گا۔ ایسا نہیں ہے۔

 نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ارشاد ہے:

“غیر مسلم کو اس کے نیک اعمال کا بدلہ دنیا میں دیا جاتا ہے جب کہ مومن کے اعمال کا اجر آخرت کے لیے محفوظ کیا جاتا ہے”

صحیح مسلم حدیث نمبر 2808

دنیا میں ملنے والی ہر آسائش، ہر کامیابی اور ہر ترقی ان کے نیک اعمال کا بدلہ ہے جو انہیں دنیا میں ہی مل جائے گا۔ جب کہ آخرت میں ان کے اعمال انکو کچھ فائدہ نہ دیں گے۔

سورۃ الفرقان: 23

> وَقَدِمْنَا إِلَىٰ مَا عَمِلُوا مِنْ عَمَلٍ فَجَعَلْنَاهُ هَبَاءً مَّنثُورًا

“اور ہم ان کے کیے ہوئے اعمال کی طرف آئیں گے تو انہیں اڑتی ہوئی خاک بنا دیں گے۔”

 اسی طرح ہم ان لوگوں کو دیکھتے ہیں جو مسلمان ہوتے ہوئے اچھے کام کر رہے ہیں لیکن ان کے اعمال کا بھی کچھ فائدہ نہیں۔ اب یہاں بہت سے لوگ سوچیں گے کہ کیوں؟ آخر وہ تو مسلمان ہی ہیں اور نیک اعمال بھی کر رہے ہیں۔ یہاں سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا وہ یہ سب اللہ کے لیے کر رہے ہیں؟ یا لوگوں کو دکھانے کے لیے؟

 ان کے ہر عمل کے پیچھے ان کی کیا نیت ہے؟

 جو لوگ یہ کام لوگوں کو دکھانے کے لیے کر رہے ہیں وہ اپنی آخرت نہیں سنوار رہے۔ وہ لوگوں کی واہ وا لے رہے ہیں۔ ان کی توجہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے یہ اعمال ان کے کسی کام نہیں آئیں گے۔ ان کے اعمال بھی راکھ کی طرح ہیں جو قیامت کے دن کی شدید آندھی کی وجہ سے اڑ جائے گی اور وہ خالی ہاتھ رہ جائیں گے۔

 نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے

“بیشک اعمال کا دارومدار

نیتوں پر ہے”

جب کسی کی نیت ہی اچھی نہ ہو تو اعمال جتنے مرضی اچھے ہوں کوئی فائدہ نہیں دیں گے۔ یہاں ہم ایک بات کو سمجھتے ہیں کہ ایک عمارت  خاصی اونچی ہے، لیکن ہوا کے جھونکے سے وہ زمین بوس ہو جاتی ہے۔ کیوں؟ کیونکہ اس کی بنیادیں کمزور تھیں اور جس عمارت کی بنیادیں کمزور ہوں وہ زیادہ دیر ٹک نہیں سکتی۔ اسی طرح ہمارے اعمال کی بنیاد تین چیزوں پر ہے:

• ایمان

•اخلاص

• نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کی پیروی

 اگر ہم میں یہ سب ہی نہیں ہوگا تو ہمارے اعمال بھی بے بنیاد ہوں گے۔

سورۃ آل عمران: 85

> وَمَن يَبْتَغِ غَيْرَ الْإِسْلَامِ دِينًا فَلَن يُقْبَلَ مِنْهُ

“اور جو اسلام کے سوا کوئی اور دین چاہے گا تو وہ اس سے ہرگز قبول نہیں کیا جائے

گا۔”

ایک کافر شخص وہ جو اس بات پر ایمان ہی نہیں رکھتا کہ آخرت کا دن بھی ہوگا وہ اس دن اپنے اعمال کے اچھے بدلے کا دعوی کیسے کر سکتا ہے؟

 اب آپ دیکھیں کہ آپ کے اعمال کیسے ہیں؟ ان کے پیچھے آپ کا کیا مقصد ہے؟

نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ارشاد ہے

“رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قیامت کے دن سب سے پہلے جن لوگوں کا حساب ہوگا ان میں سے ایک وہ شخص ہوگا جو شہید ہوا تھا، اسے لایا جائے گا، اللہ تعالیٰ اسے اپنی نعمتیں یاد دلائے گا، وہ انہیں پہچان لے گا، اللہ پوچھے گا: تو نے ان نعمتوں میں کیا عمل کیا؟ وہ کہے گا: میں نے تیری راہ میں جنگ کی یہاں تک کہ شہید ہو گیا، اللہ فرمائے گا: تو نے جھوٹ بولا، تو نے تو اس لیے جنگ کی کہ لوگ کہیں یہ بہادر ہے، اور یہ کہہ دیا گیا، پھر اس کے بارے میں حکم ہوگا تو اسے منہ کے بل گھسیٹ کر جہنم میں ڈال دیا جائے گا۔

اور ایک وہ شخص ہوگا جس نے علم سیکھا اور سکھایا اور قرآن پڑھا، اسے لایا جائے گا، اللہ اسے اپنی نعمتیں یاد دلائے گا، وہ انہیں پہچان لے گا، اللہ پوچھے گا: تو نے ان میں کیا عمل کیا؟ وہ کہے گا: میں نے علم سیکھا اور سکھایا اور تیرے لیے قرآن پڑھا، اللہ فرمائے گا: تو نے جھوٹ بولا، تو نے تو علم اس لیے سیکھا کہ لوگ تجھے عالم کہیں، اور قرآن اس لیے پڑھا کہ لوگ تجھے قاری کہیں، اور یہ کہہ دیا گیا، پھر اس کے بارے میں حکم ہوگا تو اسے منہ کے بل گھسیٹ کر جہنم میں ڈال دیا جائے گا۔

اور ایک وہ شخص ہوگا جس پر اللہ نے وسعت کی اور اسے ہر قسم کا مال دیا، اسے لایا جائے گا، اللہ اسے اپنی نعمتیں یاد دلائے گا، وہ انہیں پہچان لے گا، اللہ پوچھے گا: تو نے ان میں کیا عمل کیا؟ وہ کہے گا: میں نے کوئی راستہ نہیں چھوڑا جس میں تو خرچ کرنا پسند کرتا ہو مگر میں نے اس میں تیرے لیے خرچ کیا، اللہ فرمائے گا: تو نے جھوٹ بولا، تو نے تو اس لیے خرچ کیا کہ لوگ تجھے سخی کہیں، اور یہ کہہ دیا گیا، پھر اس کے بارے میں حکم ہوگا تو اسے منہ کے بل گھسیٹ کر جہنم میں ڈال دیا جائے گا۔

صحیح مسلم، کتاب الامارۃ، حدیث نمبر: 1905

ہر بار کی طرح اس بار بھی ایک سوال میرا اپ سب کے لیے اگر ایک غیر مسلم نیک اعمال کرے اور وہ اخرت کو بھی مانتا ہو لیکن وہ ایمان نہ لائے اس کے اعمال کا کیا بدلہ ہوگا؟

**************

Leave a Comment

Your email address will not be published.Required fields are marked *

Scroll to Top