Hum Quran ko almari mein kiyun sajatay hain dil mein kiyun nahi article by Hafsa Umer

Summary

عنوان:

قرآن کیسی کتاب ہے؟

قرآن کیسی کتاب ہے؟ ہم قرآن کیوں پڑھتے ہیں؟ کیا صرف قرآن کو پڑھ لینا ہی کافی ہے؟

ان سوالوں کے جوابات ہمیں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ قرآن ایک معجزہ ہے۔ اس جیسا کلام آج تک منظرِ عام پر نہیں آیا اور نہ کبھی آئے گا۔ ہر نبی کو اس دور کے لوگوں کے فنون اور مشہور امور کی حقانیت کے مطابق معجزہ دیا گیا۔ جیسے حضرت موسیٰ علیہ السلام کے دور میں جادو عروج پر تھا، تو اللہ نے انہیں ویسا ہی معجزہ عطا کیا جو جادو پر غالب آ گیا۔ اسی طرح عرب کے لوگ شعر و شاعری اور فصاحت و بلاغت کے شوقین تھے، اس لیے اللہ نے ان کے لیے قرآن نازل فرمایا تاکہ وہ آسانی سے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بات اور اللہ کے احکامات کو سمجھ سکیں۔

صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے نہ صرف قرآن پڑھا بلکہ اسے سمجھا، اس پر عمل کیا اور اسے آگے بھی پہنچایا۔ اللہ نے اس کتاب میں ہمارے لیے ہدایت اور رحمت رکھی ہے۔ ہم قرآن پڑھتے ہیں اور اسے اسی حد تک رکھتے ہیں، نہ سمجھتے ہیں اور نہ ہی اس میں تدبر کرتے ہیں۔

کیا اللہ نے قرآن اس لیے نازل کیا ہے کہ ہم صرف اسے پڑھیں اور پھر اسے اوپر والی الماری میں رکھ دیں؟ کیا ہمارا یہی فرض ہے؟

سوچیں! قرآن میں کتنی بار اس بات کی تکرار ہوئی ہے کہ اس کائنات کی ہر چیز میں عقل والوں کے لیے نشانیاں ہیں۔

عقل والے لوگ کون ہوتے ہیں؟

کیا وہ جو قرآن کا ناظرہ مکمل کرتے ہیں؟ وہ جو اسے حفظ کر لیتے ہیں؟

نہیں، عقل والے لوگ وہ ہوتے ہیں جو اسے سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ہم قرآن کو کیسے سمجھ سکتے ہیں؟

اس میں غور و فکر کر کے، اس میں تدبر کر کے۔ یہ دیکھ کر کہ اللہ ہمیں کس چیز کی طرف بلا رہا ہے۔

ہم قرآن کیوں سمجھیں؟

آپ سوچیں، آپ ایک شخص سے محبت کرتے ہیں لیکن آپ اسے جانتے ہی نہیں، تو آپ اس سے محبت کا دعویٰ کس بنیاد پر کر رہے ہیں؟ اسی طرح قرآن ہمارے لیے معرفتِ الٰہی کا سبب ہے۔ اللہ کی معرفت ہوگی تو ہی ہم اس سے محبت کریں گے۔ اللہ کو جانے بغیر، اس کی معرفت کے بغیر ہم اس سے محبت کیسے کر سکتے ہیں؟

اب اگلا سوال یہ اٹھتا ہے کہ قرآن کے ذریعے اللہ کو کیسے پہچانیں؟

قرآن مجید کی سورۃ الرعد کے آغاز میں اللہ کی قدرت کے دلائل دیے گئے ہیں۔ سب سے پہلے اپنے ارد گرد کی چیزوں پر غور و فکر کریں۔ آسمان کو دیکھیں کہ وہ تا حدِ نگاہ پھیلا ہوا ہے۔ عام طور پر ہم گھر کی چھت بنائیں تو اسے ستونوں کی مدد سے سہارا دے کر بلند کرتے ہیں، جبکہ آسمان کو بغیر ستونوں کے بلند کیا گیا ہے اور ایک نہیں سات آسمان ہیں جو بغیر کسی ستون کے قائم ہیں۔

کیا آسمان دیکھ کر آپ کا خیال اس کے بنانے والے کی طرف نہیں جاتا؟

سورج اور چاند اپنے اپنے مدار میں گردش کر رہے ہیں۔ وقت پر نکلتے ہیں، وقت پر ڈوبتے ہیں۔ کیا آپ نے کبھی سوچا کہ ان کو یہ سب کس نے سکھایا؟

زمین کی طرف آئیں۔ زمین کی وسعت کتنی ہے، شاید ہی کوئی اس کا اندازہ لگا سکے۔ کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ اللہ نے زمین کو ہی ہمارے لیے رہنے کے موافق کیوں بنایا، کسی اور سیارے پر زندگی کیوں نہیں ہے؟

زمین پر اس نے اونچے پہاڑ بنائے اور گہرے سمندر بنائے کیوں؟ تاکہ اعتدال قائم رہ سکے۔ جتنے اونچے پہاڑ، اتنا ہی گہرا سمندر۔

پھر اس نے درخت بنائے، درختوں پر پھل اگائے۔ ایک جیسے درختوں سے مختلف قسم کے پھل، ایک جیسی ٹہنیوں سے مختلف ذائقوں کے پھل۔ کوئی کھٹا، کوئی میٹھا، کوئی پھیکا۔ اب آپ کھجور کے درخت کو دیکھیں، وہ بالکل سیدھا ہوتا ہے لیکن ہر کھجور کا ذائقہ مختلف، تاثیر مختلف، رنگ مختلف، حالانکہ ہر درخت کو ملنے والا پانی بھی ایک ہی ہے لیکن ہر پھل کی نوعیت مختلف ہے۔

کیا کبھی درختوں کو دیکھ کر آپ کا خیال اس ذات کی طرف نہیں جاتا جس نے یہ سب پیدا فرمایا ہے؟

یہ صرف وہ چیزیں ہیں جو انسان کے سامنے ہوتی ہیں، جنہیں انسان روزمرہ کی زندگی میں دیکھتا رہتا ہے۔ ان میں بھی عقل والوں کے لیے نشانیاں ہیں۔ ان سب چیزوں پر غور و فکر ہمیں اس ذات کی طرف مائل کرتا ہے جو ان کا خالق ہے۔ غور و فکر قرآن کی تعلیم حاصل کرنے سے آتا ہے۔ اس سے ہمارا ذہن کھلتا ہے اور بہت سے راز ہم پر آشکار ہوتے ہیں۔ ہم اللہ کو پہچانتے ہیں، اس سے محبت کرتے ہیں اور یہی لوگ سچے مومن ہوتے ہیں۔

سورۃ یوسف کی آیت نمبر 105 میں اللہ تعالیٰ ہم سے شکوہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں:

وَكَاَيِّنْ مِّنْ اٰيَةٍ فِى السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ يَمُرُّوْنَ عَلَيْهَا وَهُمْ عَنْهَا مُعْرِضُوْنَ

ترجمہ: اور کتنی ہی نشانیاں ہیں آسمانوں میں اور زمین میں، جن پر سے وہ گزرتے ہیں اور وہ ان سے اعراض کرنے والے ہیں۔

اپنا تجزیہ کریں، کیا آپ غور و فکر کرنے والوں میں سے ہیں؟

اگر اللہ نے آپ کو عقل و سمجھ دی ہے تو آپ اسے کن کاموں میں لگاتے ہیں؟

*******

Leave a Comment

Your email address will not be published.Required fields are marked *

Scroll to Top